مسئلہ: از محمد بابر برکاتی نائب صدر دارالعلوم برکاتیہ بزم برکات منشی کمپاؤنڈ جوگیشوری ویسٹ بمبئی ۱۰۲
جرسی گائے وبیل کی قربانی کرنا کیسا ہے؟ نیز جرسی گائے کا دودھ پینا اور گوشت کھانا جائز ہے یا نہیں؟ زید کہتا ہے کہ جرسی گائے اور بیل کی قربانی کرناجائز ہے۔ بکر کہتا ہے کہ وہ خنزیر کی جنس سے ہیں اس لئے نہ ان کی قربانی جائز ہے نہ ہی ان کا گوشت کھانا جائز ہے۔ یہاں تک کہ اس گائے کا دودھ پینا بھی ناجائز وحرام ہے۔ آپ سے مؤدبانہ التماس ہے کہ اگر جائز ہے تو اور ناجائز ہے تو دونوں صورتوںمیں تفصیلی جواب سے نوازیں تاکہ عوام کو شرعی حکم سے آگاہ کیا جا سکے۔
الجواب: جرسی گائے اور بیل جبکہ گائے کے پیٹ سے پیدا ہوتے ہیں تو ان کی قربانی کرنا‘ ان کا گوشت کھانا جائز ہے اور جرسی گائے کا دودھ پینا بھی جائز ہے اس لئے کہ جانوروں میں ماں کا اعتبار ہے۔ لہٰذا بکر کا قول صحیح نہیں ہے۔ فتاویٰ عالمگیری جلد پنجم مصری ص ۲۶۲ میں ہے: ان کان متولدا من الوحشی والانسی فالعبرۃ للام فان کانت اھلیۃ تجوز والا فلاحتّٰی لوکانت البقرۃ وحشیۃ والثوراھلیا لم تجز۔ ھذا ما عندی وھو تعالٰی اعلم
کتبہ:جلال الدین احمد الامجدیؔ
۱۲ ذوالقعدہ ۱۴۱۴ھ
0 تبصرے